لائیو ٹی وی

راہل گاندھی کی ستیہ گرہ مہم کو زبردست پذیرائی، 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول

راہل گاندھی کی ستیہ گرہ مہم نے لوگوں کی مشکلات کو اجاگر کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے

مختصر جواب

راہل گاندھی کی ستیہ گرہ مہم کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے، جس میں صرف 9 گھنٹوں میں 10 ہزار سے زائد افراد نے اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں، جو لوگوں کی مشکلات کی عکاسی کرتی ہیں۔

اہم نکات

  • راہل گاندھی کی ستیہ گرہ مہم کو 9 گھنٹوں میں 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں
  • یہ مہم لوگوں کے مسائل سننے اور ان کی حمایت میں کھڑے ہونے کے لیے شروع کی گئی ہے
  • درخواستوں میں تعلیم، بدعنوانی، سماجی انصاف، کسانوں، مزدوروں، صحت، خواتین کی حفاظت، زمین اور ماحولیات کے موضوعات شامل ہیں
  • کانگریس کی ٹیم ہر درخواست کا جائزہ لے گی اور مدد کی جائے گی
  • ستیہ گرہ ایک طویل مدتی مہم ہے جو برسوں تک جاری رہے گی
پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم، 'آپ اکیلے نہیں ہیں' کا نعرہ۔
راہل گاندھی کی ستیہ گرہ مہم لوگوں کی مشکلات کو اجاگر کرنے اور ان کی حمایت میں کھڑے ہونے کے لیے شروع کی گئی ہے۔

ملک بھر میں اپنے حقوق کے لیے تنہا جنگ لڑنے والوں کے لیے کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ’ستیہ گرہ‘ نام سے جو مہم شروع کی ہے، اسے لوگ خوب پسند کر رہے ہیں۔ لوگوں کے مسائل سننے اور ان کی حمایت میں کھڑے ہونے مقصد سے تیار ’ستیہ گرہ‘ کی ویب سائٹ پر بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہو رہی ہیں، جس کی اطلاع لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے خود دی ہے۔ انھوں نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’ستیہ گرہ کو لائیو ہوئے 9 گھنٹے گزر چکے ہیں۔ اس کے بعد سے 10 ہزار سے زیادہ افراد اور گروپس سامنے آ چکے ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہونے کی جانکاری دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’درخواستوں کی یہ بڑی تعداد اس بات کا مظہر ہے کہ ہندوستانی پہلے ہی خاموشی کے ساتھ کس قدر جدوجہد کر رہے ہیں۔ وہ اپنے حق کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں کیونکہ انھیں معلوم ہے کہ کوئی ان کی بات نہیں سن رہا تھا۔‘‘ موجودہ حالات پر فکر ظاہر کرنے کے بعد انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ہم ان کی باتیں سن رہے ہیں۔ ہر درخواست پڑھی جائے گی۔ ہمیں تعلیم، بدعنوانی، سماجی انصاف، کسانوں، مزدوروں، صحت، خواتین کی حفاظت، زمین اور ماحولیات کے موضوعات سے متعلق کئی کہانیاں نظر آ رہی ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے بھروسہ دلایا ہے کہ ان کی ٹیم ہر ایک درخواست کا جائزہ لے گی، یہ طے کرے گی کہ کس طرح کی مدد کی جا سکتی ہے اور جہاں مزید تفصیلات کی ضرورت ہوگی، وہاں رابطہ بھی کیا جائے گا۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی یقین دلایا ہے کہ ’’جہاں کسی حقیقی مسائل کو حل کرنے کے لیے متعلقہ شخص یا ادارے کی جنگ کو مزید لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت ہوگی، ہم ایسا کریں گے۔‘‘

کانگریس رکن پارلیمنٹ نے اس مہم کو مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ ’’یہ صرف آغاز ہے۔ ستیہ گرہ یک روزہ مہم نہیں ہے، یہ برسوں تک جاری رہے گی اور ہر تحریک کے ساتھ کھڑی رہے گی، چاہے وہ بڑا ہو یا چھوٹا۔‘‘ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں راہل گاندھی نے آواز اٹھانے والوں اور آئین کے لیے کھڑے ہونے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے گزارش کی کہ ’’اگر آپ نے ابھی تک ہمیں اپنی جنگ کے بارے میں نہیں بتایا ہے، تو اپنی کہانی مجھے ضرور بتائیں۔‘‘

Share this story

WhatsAppXFacebook